ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع، پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا گیا
ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی طحہٰ احمد خان کی جانب سے سندھ اسمبلی میں ایک قرارداد جمع کرا دی گئی جس میں پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہا گیا ہے۔
قرارداد کے متن کے مطابق پاکستان کو ایک معتبر اور مؤثر عالمی ثالث کے طور پر تسلیم کیا گیا اور کہا گیا کہ دنیا علاقائی جنگ کے دہانے پر تھی مگر پاکستان نے امن کے پل کا کردار ادا کیا۔ قرارداد میں امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے پر ملکی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
قرارداد میں وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ پاک، ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرانے میں پاکستان کا کردار عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔
طحہٰ احمد خان نے کہا کہ سول و عسکری قیادت کی مؤثر حکمت عملی سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا اور پاکستان کی فعال سفارتکاری نے ممکنہ بڑے تصادم کو ٹالنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے میں پاکستان کا ذمہ دارانہ اور امن پسند کردار مزید واضح ہوا جبکہ دفاعی اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور تیاری نے عالمی امن میں اہم کردار ادا کیا۔