سیاسی جلسوں میں سرکاری ملازمین، وسائل اور مشینری کے سیاسی استعمال کو غیر قانونی قرار
پشاور ہائی کورٹ نے سیاسی جلسوں میں سرکاری وسائل کے استعمال کے خلاف کیس میں 28 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔
جسٹس صاحبزادہ اسداللہ پر مشتمل بنچ نے سرکاری ملازمین، وسائل اور مشینری کے سیاسی استعمال کو غیر قانونی قرار دے دیا۔
عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ صوبے کا وزیر اعلیٰ سرکاری وسائل کا آئینی نگران اور محافظ ہوتا ہے، جبکہ سرکاری ملازمین اور وسائل کا استعمال صرف عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہونا چاہیے۔
عدالت نے کہا کہ سرکاری مشینری کا استعمال آئین میں طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ہونا ضروری ہے اور اختیارات سے تجاوز قانونی و اخلاقی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔
فیصلے میں چیف سیکرٹری کو ہدایت کی گئی کہ تمام اداروں کو آئین اور قانون کے دائرے میں کام کرنے کا پابند بنایا جائے اور یہ یقینی بنایا جائے کہ سرکاری ملازمین، وسائل اور مشینری کسی سیاسی مقصد کے لیے استعمال نہ ہوں۔
عدالت نے آئی جی خیبر پختونخوا کو بھی ہدایت کی کہ پولیس کا کسی بھی سیاسی مقصد کے لیے استعمال نہ ہونے کو یقینی بنایا جائے۔