کراچی: دکانوں کے شٹر کاٹ کر موبائل فون چوری کرنےوالا 2 رکنی افغان گروہ گرفتار

ملزمان نے11مارچ کو صدر میں موبائل شاپ کا شٹر کاٹ کر موبائل فون اور نقدی لوٹنے کی واردات کی تھی اور فرار ہوگئے تھے

کراچی میں دکانوں کے شٹر کاٹ کر موبائل فون چوری کرنے والے جرائم پیشہ دو رکنی افغان گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایس ایس پی ساؤتھ انویسٹیگیشن توحید رحمان کے مطابق ساؤتھ انویسٹیگیشن پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو حراست میں لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت شیر آغا اور عبدالرزاق کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ان کے قبضے سے چوری کیے گئے 6 موبائل فون برآمد کر لیے گئے۔ ملزمان نے 11 مارچ کو صدر کے علاقے میں موبائل شاپ کا شٹر کاٹ کر موبائل فون اور نقدی لوٹنے کی واردات کی تھی اور فرار ہوگئے تھے۔

ایس ایس پی توحید رحمان کے مطابق ملزمان کو تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے صدر تفتیشی پولیس نے گرفتار کیا۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے لوٹ مار، چوری اور ڈکیتی کی مزید وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔

پولیس کے مطابق چوری شدہ موبائل فون بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں فروخت کیے جاتے تھے۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ گروہ کے دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

Load Next Story