تزئین حسین نے دوسری شادی میں تاخیر کیوں کی؟ اداکارہ نے دل کی بات بتادی

تزئین حسین اپنے پہلے شوہر کے انتقال کے بعد تقریباً پانچ سال تک بطور سنگل مدر زندگی گزارتی رہیں

پاکستانی اداکارہ تزئین حسین نے اپنی دوسری شادی سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے نئے رشتے کے لیے اتنا وقت کیوں لیا۔

معروف اداکار طلعت حسین کی بیٹی تزئین حسین اپنی سنجیدہ اداکاری اور مضبوط شخصیت کے باعث پہچانی جاتی ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ اپنے پہلے شوہر کے انتقال کے بعد وہ تقریباً پانچ سال تک بطور سنگل مدر زندگی گزارتی رہیں۔ اس عرصے نے انہیں نہ صرف صبر سکھایا بلکہ خود کو بہتر انداز میں سمجھنے کا موقع بھی دیا۔

ان کے مطابق تنہائی انسان کو اپنی شخصیت کے ایسے پہلوؤں سے روشناس کراتی ہے جن پر پہلے کبھی غور نہیں کیا جاتا۔

تزئین حسین نے حال ہی میں دوسری شادی کی، جس پر مداحوں کی جانب سے انہیں بھرپور محبت اور نیک خواہشات موصول ہوئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی اپنے موجودہ شوہر سے ملاقات سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کے ذریعے ہوئی، جہاں ایک قریبی دوست نے دونوں کا تعارف کروایا۔ اداکارہ کے مطابق ان کی دوست چاہتی تھیں کہ دو تنہا افراد کو ایک ساتھ جوڑا جائے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ کسی نئے رشتے میں آنے کے لیے وقت دینا ضروری ہوتا ہے تاکہ انسان خود کو ایک اور موقع دینے کے لیے ذہنی طور پر تیار ہوسکے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ آج وہ پہلے سے مختلف اور زیادہ مضبوط شخصیت بن چکی ہیں۔

تزئین حسین نے اپنی موجودہ زندگی کو پرسکون اور خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب وہ خود کو بہتر طور پر سمجھتی ہیں اور یہی چیز ان کی نئی شادی کو مزید مضبوط بنا رہی ہے۔

Load Next Story