جنگ بندی پر ہونے والی تحسین کے ثمرات سمیٹنے کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے، حافظ نعیم

خطے میں کردار کے بعد افغانستان کے ساتھ امن کی اہمیت مزید اجاگر ہوگئی، حکومت، ادارے اس پر بھی غورکریں، امیرجماعت اسلامی

فوٹو: فائل

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی معاہدے کے بعد دنیا بھر میں پاکستان کی تحسین ہو رہی ہے تاہم اس کے ثمرات مؤثر طریقے سے سمیٹنے کے لیے ملک کے اندر سیاسی استحکام ضروری ہے۔

جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز منصورہ میں سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایران، امریکا-اسرائیل عارضی جنگ بندی معاہدہ کے بعد پاکستان کی دنیا بھر میں تحسین ہو رہی ہے تاہم عالمی سطح پر ملنے والی پذیرائی کے ثمرات مؤثر طریقے سے سمیٹنے کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خطے میں کردار کے بعد افغانستان کے ساتھ امن کے قیام کی اہمیت مزید اجاگر ہوگئی ہے، حکومت اور ادارے اس معاملے پر بھی غور کریں۔

امیر جماعت اسلامی نے ممبرسازی مہم شروع کرنے اور ملک بھر میں عوامی کمیٹیوں کے قیام کی ہدایات جاری کیں اور پنجاب میں مؤثر اور بااختیار بلدیاتی نظام کے لیے احتجاجی تحریک کو ازسرنو منظم کرنے اور بلدیاتی انتخابات کے لیے جماعت اسلامی کے ممکنہ امیدواران کی فہرست کی تیاری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک میں توانائی بحران شدت اختیار کررہا ہے، پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے، حکومت فی الفور بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کرے، پیٹرول پر لیوی کو ختم کیا جائے اور آئی پی پیز کو اربوں کی ادائیگی بند کرکے ان سے کیے گئے مہنگے معاہدے ختم کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چھوٹا کسان پس چکا ہے، حکومت گندم کی خریداری کسانوں کے مطالبات کے مطابق یقینی بنائے، انہوں نے صوبے میں زراعت کی تباہی اور زرعی ادویات، کھاد اور بیجوں کی انتہائی مہنگے داموں دستیابی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ حکومت پنجاب کی کارکردگی اشتہارات کی حد تک ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سندھ میں وڈیرہ شاہی اور ظالمانہ نظام اور کراچی پر قابض میئر سے جان چھڑانا ہوگی، سندھ کے عوام کے حقوق کے لیے تحریک جاری رہے گی، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں قیام امن ضروری ہے، وفاقی و صوبائی حکومتیں اسٹیک ہولڈرز سے مل کر امن یقینی بنائیں اور عوام کو ان کے حقوق دیے جاہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ امریکا اور اسرائیل کو غزہ کے بعد ایران میں بھی ہزیمت اٹھانا پڑی، عالمی براداری دو ہفتوں کی جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنائے اور اسرائیل کو لبنان پر بم باری سے روکا جائے، امریکا تمام منصوبوں کے باوجود ایران میں حکومت کا تختہ نہیں الٹا جاسکا اس کی وجہ یہ ہے کہ ایرانی حکومت کی جڑیں عوام میں ہیں۔

Load Next Story