کمرہ بند ہونے پر 89 سالہ خاتون 27 ویں منزل کی ریلنگ سے نیچے اتر گئیں
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک نہایت حیران کن اور خطرناک واقعہ سامنے آیا، جہاں 89 سالہ خاتون نے کمرے میں بند ہو جانے کے بعد مدد نہ ملنے پر خود ہی عمارت سے نیچے اترنے کا انتہائی قدم اٹھا لیا۔
معمر خاتون ایک رہائشی عمارت کی 27ویں منزل پر واقع کمرے میں پھنس گئیں۔ موبائل فون دوسرے کمرے میں ہونے کے باعث وہ کسی سے رابطہ نہ کرسکیں، جس پر انہوں نے ایئر کنڈیشنر کے حفاظتی جنگلے کو سہارا بنا کر نیچے اترنے کی کوشش شروع کر دی۔
نیچے موجود صفائی کرنے والے ایک شخص اور سکیورٹی گارڈ نے جب غیر معمولی آوازیں سنیں اور اوپر نظر ڈالی تو یہ منظر دیکھ کر حیران رہ گئے کہ ایک ضعیف خاتون عمارت کی بیرونی ریلنگ سے نیچے کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی اور خاتون کو آواز دے کر رُکنے کی تلقین کی، تاہم وہ مسلسل نیچے اترتی رہیں۔
خاتون تھکن کے باعث بالآخر 21ویں منزل پر رک گئیں، جو زمین سے تقریباً 50 میٹر کی بلندی پر واقع تھی۔ ریسکیو ٹیم کے لیے اس نازک صورتحال میں انہیں محفوظ نکالنا ایک چیلنج بن گیا۔
فائر فائٹرز نے پہلے قریبی اپارٹمنٹ سے حفاظتی رسی کے ذریعے خاتون کو محفوظ کیا، پھر ریلنگ کا ایک حصہ کاٹ کر ایک عارضی پلیٹ فارم بنایا تاکہ وہ اس پر بیٹھ سکیں۔ اس دوران انہیں پانی اور جیکٹ بھی فراہم کی گئی تاکہ وہ سنبھل سکیں۔
تقریباً 20 منٹ کے وقفے کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے اس پلیٹ فارم اور عمارت کے اندر موجود اپارٹمنٹ کے درمیان اسٹریچر کی مدد سے ایک عارضی پل بنایا اور خاتون کو بحفاظت اندر منتقل کر لیا۔
خوش قسمتی سے اس خطرناک واقعے میں خاتون کو کوئی جسمانی چوٹ نہیں آئی، تاہم وہ شدید تھکن اور خوف کا شکار ضرور ہوئیں۔