ایپسٹین سے تعلق کی خبریں، میلانیا ٹرمپ نے خاموشی توڑ دی

میلانیا ٹرمپ نے اس موقع پر ایپسٹین کیس سے متاثرہ خواتین کے لیے انصاف کا مطالبہ بھی کیا

واشنگٹن: امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے کمسنوں سے جنسی تعلقات کے مجرم جیفری ایپسٹین کے ساتھ اپنے مبینہ تعلقات کی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد پروپیگنڈہ قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں میلانیا ٹرمپ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ان کی ایپسٹین کے ساتھ جعلی تصاویر گردش کر رہی ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے خلاف یہ مہم غلط معلومات پھیلانے کی کوشش ہے۔

میلانیا ٹرمپ نے اس موقع پر ایپسٹین کیس سے متاثرہ خواتین کے لیے انصاف کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو اپنی کہانیاں بیان کرنے کا پورا موقع ملنا چاہیے تاکہ حقیقت سامنے آ سکے۔

انہوں نے امریکی کانگریس میں اس معاملے پر کھلی سماعت کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر متاثرہ خاتون کو حلف کے تحت گواہی دینے کا موقع دیا جائے۔

ان کے مطابق ایسی گواہی کو کانگریس کے مستقل ریکارڈ کا حصہ بنایا جانا چاہیے تاکہ آئندہ نسلوں کے لیے بھی سچ محفوظ رہ سکے۔

میلانیا ٹرمپ کا کہنا تھا کہ صرف شفاف تحقیقات اور متاثرین کی آواز سننے سے ہی انصاف ممکن ہے اور اسی طرح اس حساس معاملے کی مکمل حقیقت سامنے آ سکتی ہے۔

Load Next Story