کراچی میں رینجرز کی کارروائی؛ ٹینگو گروہ کے 3 کارندے گرفتار
فوٹو: فائل
سندھ رینجرز نے پٹھان کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے ٹینگو گروہ کے 3 کارندوں کو گرفتار کر لیا ۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں کریم اللہ عرف لالہ ، صابر حسین اور مزمل شاہ شامل ہیں، جو ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں ۔ ملزمان سے موبائل فونز اور نقدی بھی برآمد کی گئی ہے۔
گرفتار ملزمان نے ابتدائی تحقیقات میں 300 سے 400 موبائل فونز اور موٹر سائیکلیں چھیننے کا اعتراف کیا ہے ۔ ملزم کریم اللہ عرف لالہ نے رمضان میں 30 موبائل فونز چھیننے کا انکشاف کیا جب کہ گرفتار مزمل شاہ پولیس مقابلے میں اہلکار کو زخمی کرنے میں ملوث رہا ہے ۔
اسی طرح گرفتار ملزم صابر حسین چھینے گئے موبائل فونز کی خرید و فروخت میں ملوث رہا ہے ۔
گروہ کے 2 ارکان پہلے ہی گرفتار ہو کر جیل میں ہیں ، جب کہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چھاپے جاری ہیں۔
گرفتار ملزمان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں ۔ ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ٹینگو گروہ کراچی کے مختلف علاقوں بلدیہ ٹاؤن ، اورنگی ٹاؤن ، سائٹ ایریا ، اتحاد ٹاؤن اور منگھو پیر میں وارداتوں سرگرم رہا ہے ۔