مشاورت کے لیے عمران خان سے ملاقات ضروری ہے، وکیل فیصل ملک
راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل فیصل ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے مقدمات کی سماعت جاری ہے اور عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کیس کے حوالے سے مشاورت کے لیے عمران خان سے ملاقات ضروری ہے، مگر انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
وکیل کے مطابق علیمہ خان عدالت میں پیش نہیں ہوں گی اور ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کروا دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ علیمہ خان کا شناختی کارڈ تاحال بلاک ہے، جس کے باعث ان کا سفر ممکن نہیں، لہٰذا عدالت سے شناختی کارڈ کی بحالی کی درخواست بھی کی گئی ہے۔