لاہور؛ سموسے کھاتے کھاتے مذاق مہنگا پڑ گیا، ایک بھائی جان سے گیا، دوسرا زخمی

شفیق آباد پولیس نے 15 کی کال پر فوری ریسپانس دیا اور قاتل کو گرفتار کرلیا، لاہور پولیس

فوٹو: پولیس

لاہور کے علاقے شفیق آباد میں سموسے کھاتے کھاتے مذاق مہنگا پڑ گیا جہاں ایک بھائی جان سے گیا اور دوسرا زخمی ہوگیا تاہم پولیس نے دعویٰ کیا کہ بروقت کارروائی کرکے قاتل کو گرفتار کرلیا۔

لاہور پولیس نے بتایا کہ ڈی آئی جی آپریشنز نے شفیق آباد میں ایک بھائی کو قتل اور دوسرے کو زخمی کرنے کے واقعے کا نوٹس لیا جس کے بعد قاتل کو  2 گھنٹوں کے اندر مریدکے سے گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ 15 کی کال پر شفیق آباد پولیس نے فوری ریسپانس دیا اور قاتل کو گرفتار کرلیا۔

ایس پی سٹی بلال احمد نے بتایا کہ ملزم نے سموسے کھانے کے دوران  مذاق کرنے پر دو سگے بھائیوں کو چھری کے پے درپے وار سے زخمی کر دیا اور دونوں بھائیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زنیر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے  دم توڑ دیا جبکہ دوسرا بھائی ایزن شاہ زیرعلاج ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم وکیل واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا تاہم شفیق آباد پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومین انٹیلی جنس کی مدد سے ملزم وکیل کو گرفتار کر لیا۔

ایس پی سٹی بلال احمد نے بتایا کہ ایس ایچ او شفیق آباد سہیل گوندل نے ٹیم کے ہمراہ ملزم کو گرفتار کیا، ملزم کو مزید تحقیقات اور کاروائی کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کیا گیا۔

ایس پی سٹی بلال احمد نے بروقت کارروائی پر ایس ایچ او شفیق آباد سمیت ٹیم کو شاباش دی۔

Load Next Story