تل ابیب میں عوام سڑکوں پر، نیتن یاہو کے خلاف بڑا احتجاج، جنگ روکنے کا مطالبہ

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ احتجاج اسرائیل کے اندر بڑھتی ہوئی عوامی بے چینی کی عکاسی کرتا ہے

تل ابیب میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مظاہرین نے حکومت کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے فوری طور پر تمام جنگی کارروائیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

احتجاج کے دوران شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "جنگ روکو" اور "نسل کشی بند کرو" جیسے نعرے درج تھے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ مسلسل جنگی صورتحال نے نہ صرف خطے بلکہ خود اسرائیل کے عوام کو بھی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، اس لیے اب امن کی طرف بڑھنا ضروری ہے۔

دوسری جانب سابق اسرائیلی نائب چیف آف اسٹاف یائیر گولان نے بھی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نیتن یاہو اس وقت شدید دباؤ میں ہیں اور وہ خود بھی جانتے ہیں کہ جنگ کے مقاصد حاصل نہیں ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ حقیقی فاتح کو بار بار اپنی کامیابی کا اعلان کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔

یائیر گولان نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت اپنی پالیسیوں میں ناکام ہو چکی ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ نیتن یاہو اور ان کی حکومت کو اقتدار سے الگ کر دیا جائے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ احتجاج اسرائیل کے اندر بڑھتی ہوئی عوامی بے چینی کی عکاسی کرتا ہے اور آنے والے دنوں میں حکومت کے لیے مزید مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

Load Next Story