پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بڑی مندی کے ساتھ کاروبار کا آغاز
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بڑی مندی کے ساتھ کاروبار کا آغاز ہوا۔
کاروباری ہفتے کے پہلے ہی دن پی ایس ایکس میں 4795 پوائنٹس کی گراوٹ سے مارکیٹ کا آغاز ہوا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس گھٹ کر ایک لاکھ 62 ہزار 396 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
بعد ازاں مارکیٹ میں مندی کا رجحان جاری رہا اور بتدریج 4943 اور 5433 پوائنٹس کی بڑی مندی کے ساتھ بازارِ حصص میں انڈیکس کم ہوکر ایک لاکھ 61 ہزار 757 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے اختتام تک امریکا ایران جنگ بندی سے متعلق اسلام آباد مذاکرات سے وابستہ مثبت توقعات، جنگی صورتحال میں ٹھہراؤ اور خام تیل کی عالمی قیمتیں مستحکم رہنے سے ایشیائی مارکیٹوں کے ساتھ پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بھی تیزی دیکھنے میں آئی تھی۔
گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام تک پی ایس ایکس میں 100 انڈیکس کی ایک لاکھ 66ہزار اور ایک لاکھ 67ہزار پوائنٹس کی 2 سطحیں عبور ہوگئیں تھیں، جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا تھا۔