راولپنڈی: سانحہ 9 مئی سے متعلق 11 مقدمات کی سماعت
راولپنڈی میں سانحہ 9 مئی سے متعلق 11 مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی، جہاں کیسز کی کارروائی 28 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔
عدالت میں عمران خان کی جیل روبکار کے ذریعے حاضری لگائی گئی، تاہم عدالتی حکم کے باوجود ویڈیو لنک سسٹم فعال نہ ہو سکا۔
سماعت کے دوران گواہان پیش نہ ہو سکے، جبکہ شیخ رشید عدالت میں پیش ہوئے۔ ان مقدمات میں جی ایچ کیو گیٹ 4 حملہ کیس، آرمی میوزیم حملہ اور میٹرو بس اسٹیشن جلانے کے کیسز بھی شامل ہیں۔
عدالت کو بتایا گیا کہ 9 مئی کے 11 کیسز میں چالان کی نقول تقسیم کا مرحلہ گزشتہ 6 ماہ سے مکمل نہیں ہو سکا، جبکہ بانی چیئرمین تحریک انصاف اور شاہ کو بھی تاحال نقول فراہم نہیں کی جا سکیں۔
عدالت نے آئندہ سماعت تک چالان کی نقول کی تقسیم مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد ہی ملزمان پر فردِ جرم عائد کی جا سکے گی۔
سماعت کے بعد تمام ملزمان کو حاضری کے بعد واپس جانے کی اجازت دے دی گئی۔ یہ سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔