حکومت کا 3 جی پی اے لینے والے طلبا کیلئے انٹرن شپ پروگرام کا اعلان

بی ایس کے فارغ التحصیل طلبہ کو 25 ہزار ماہانہ معاوضے کی انٹرن شپ دی جائے گی جس کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ 6 ماہ ہوگا

خیبرپختونخوا حکومت نے طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند بنانے کے لیے احساس انٹرن شپ پروگرام کے آغاز کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اس حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس میں مجوزہ پروگرام پر وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت خیبرپختونخوا کے ڈومیسائل ہولڈرز اور بی ایس کے فارغ التحصیل طلبہ کو انٹرن شپ فراہم کی جائے گی۔ انٹرن شپ کا دورانیہ کم از کم دو ماہ جبکہ زیادہ سے زیادہ چھ ماہ ہوگا۔

حکام کے مطابق انٹرن شپ حاصل کرنے والے طلبہ کو 25 ہزار روپے ماہانہ معاوضہ دیا جائے گا، جبکہ 3.0 جی پی اے یا اس سے زائد حاصل کرنے والے طلبہ پروگرام کے لیے اہل ہوں گے۔

مزید بتایا گیا کہ پروگرام کے مؤثر نفاذ کے لیے جامعات اور ڈگری کالجز کی سطح پر کوآرڈینیشن دفاتر قائم کیے جائیں گے تاکہ طلبہ کو براہ راست مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

مینا خان آفریدی نے کہا کہ احساس انٹرن شپ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو عملی میدان کے لیے تیار کرنا ہے، اور یہ اقدام روزگار کے مواقع بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا جلد احساس انٹرنشپ پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔

Load Next Story