سندھ میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ کیلیے بڑے فیصلے، نئی بسیں اور روٹس شروع کرنے کا فیصلہ

ای وی ٹیکسی سروس جلد عوام کے لیے دستیاب ہوگی، جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، شرجیل میمن

کراچی:

سندھ حکومت نے صوبے میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے بڑے فیصلے کیے ہیں، جن میں نئی بسیں اور روٹس بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اعلیٰ سطح کا اجلاس سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی، نئے روٹس کے اجرا اور خواتین کے لیے خصوصی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کنول نظام بھٹو، پیپلز بس سروس کے پروجیکٹ ڈائریکٹر صہیب شفیق سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے حالیہ ہفتے سکھر تا شکارپور پیپلز بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سکھر اور حیدرآباد میں خواتین کو پنک اسکوٹیز فراہم کرنے کی تقریبات جلد منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  کراچی کے بعد سکھر اور حیدرآباد کی خواتین کو پنک اسکوٹیز کی فراہمی اس سلسلے میں ایک اہم قدم ہے۔

اجلاس میں آئندہ مالی سال کے لیے ای وی، ہائبرڈ اور ڈبل ڈیکر بسوں کی خریداری کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ٹرانسپورٹ نیٹ ورک کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ حیدرآباد کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ حیدر چوک تا کوہسار اور حیدرآباد تا ٹنڈو الہیار روٹس پر پیپلز بس سروس جلد شروع کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ مالی سال مزید بسیں ٹرانسپورٹ سسٹم کا حصہ بنیں گی اور صوبے کے مختلف اضلاع میں مرحلہ وار بس سروس شروع کی جائے گی، جبکہ کراچی میں بڑھتی آبادی کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے نئے روٹس بھی متعارف کرائے جائیں گے۔

شرجیل انعام میمن کے مطابق سکھر تا شکارپور روڈ پر پیپلز بس سروس آئندہ ہفتے باقاعدہ طور پر شروع کر دی جائے گی جس سے دونوں شہروں کے درمیان سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو ریلیف ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے اگلے مرحلے میں خیرپور تا روہڑی اور خیرپور تا رانی پور کے روٹس پر بھی پیپلز بس سروس چلائی جائے گی۔ مزید برآں ای وی ٹیکسی اور پنک ٹیکسی سروس کے آغاز کے لیے چارجنگ اسٹیشنز اور دیگر ضروری انفرا اسٹرکچر پر تیزی سے کام جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس ماہ کے آخر تک ای وی ٹیکسی سے متعلق تمام فارملٹیز مکمل کر لی جائیں گی۔ شرجیل میمن کا کہنا تھاکہ ای وی ٹیکسی سروس جلد عوام کے لیے دستیاب ہوگی جس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور شہریوں کو سہولت میسر آئے گی۔

Load Next Story