حکومتِ پاکستان اور گوگل نے ’اے آئی سیکھو 2026‘ کا آغاز کردیا

پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو ”وائب کوڈنگ“ کے ذریعے مصنوعی ذہانت کی مہارتوں سے لیس کرنا ہے

حکومتِ پاکستان اور گوگل نے باہمی اشتراک سے”AI سیکھو 2026“  کا آغاز کردیا ہے۔

پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو ”وائب کوڈنگ“ کے ذریعے مصنوعی ذہانت کی مہارتوں سے لیس کرنا ہے۔ بین الاقوامی ڈیجیٹل معیشت کی جانب پاکستان کے سفر کو تیز کرنے کی غرض سے گوگل فار ڈیولپرز نے پاکستان کی وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام، ٹیلی نار اور انووِسٹا کے ساتھ حکمت عملی پر مبنی اشتراک میں ”اے آئی  سیکھو 2026 “ پروگرام کا اعلان کیا ہے۔

اس پروگرام کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام،محترمہ شَزہ فاطمہ نے کہا ہے کہ ہمارا وژن ہے کہ ہم روایتی خدمات پر مشتمل معیشت سے نکل کر مصنوعی ذہانت سے لیس اور مصنوعات پر مبنی معیشت کی طرف منتقل ہوں۔ ہماری آبادی کا 65 فیصد حصہ 35 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے، اس لیے ہم مصنوعی ذہانت کو ایک بنیادی ترجیح قرار دے رہے ہیں تاکہ ہر نوجوان خواہ ٹیکنالوجی کاماہر ہو، ڈاکٹر ہو، وکیل یا فنکار ہو، وہ عالمی منڈی میں مقابلہ کرنے کے لیے ضروری ڈیجیٹل مہارتوں سے لیس ہو سکے۔

گوگل کے کلسٹر ڈائریکٹر پاکستان اور فرنٹیئر مارکیٹس، فرحان قریشی نے کہا کہ ”گوگل پاکستان کے مستقبل پر بھرپور یقین رکھتا ہے۔ ’اے آئی  سیکھو ‘ جیسے اقدامات کے ذریعے ہم مقامی ایکوسسٹم میں ضروری صلاحیت اور رفتار پیدا کرنے میں مدد دے  رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم پاکستان کا ڈیجیٹل مستقبل محفوظ بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں مصنوعی ذہانت کی مہارتوں کو وسیع پیمانے پر فروغ دینا ہوگا تاکہ ہمارا ٹیلنٹ فری لانسنگ اور گیمنگ  کی عالمی صنعتوں میں اپنی قیادت بر قراررکھ سکے۔

Load Next Story