اسلام آباد ڈپلومیسی کی عالمی پذیرائی، پاکستان کے کردار کو بھرپور سراہا گیا
پاکستان کی جانب سے ‘اسلام آباد مذاکرات’ کے انعقاد اور امریکا-ایران بات چیت میں سہولت کاری پر عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی سامنے آئی ہے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس، کینیڈا اور کویت سمیت دیگر ممالک کے اعلیٰ حکام نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو فون کرکے پاکستان کے کردار کو بھرپور سراہا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے مختلف عالمی رہنماؤں نے اہم ٹیلیفونک رابطے کیے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا اور امن کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، جنگ بندی اور سفارت کاری پر زور دیا۔
انتونیو گوتریس نے اسلام آباد میں مذاکرات کے انعقاد کے لیے پاکستانی کے تعمیری کردار کی تعریف کی اور نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ کی خطے میں امن کے فروغ کے لیے کوششوں کو سراہا۔
نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی جانب سے مذاکرات اور سفارت کاری کے فروغ کے لیے اقدامات کا عزم دہرایا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے اسحاق ڈار سے گفتگو میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات نے امریکا اور ایران کے درمیان مکالمے کو ممکن بنایا۔
یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ برائے خارجہ امور کایا کالاس نے بھی پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور خطے میں امن کے لیے مسلسل سفارت کاری کی ضرورت پر زور دیا۔
ترجمان نے بتایا کہ کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے بھی نائب وزیراعظم سے رابطہ کیا اور پاکستان کے مثبت کردار کو قابلِ تحسین قرار دیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
اس کے علاوہ رومانیہ کی وزیر خارجہ اوانا سلویہ تویو نے بھی اسلام آباد مذاکرات میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق تمام عالمی رہنماؤں کے ساتھ گفتگو میں اسحاق ڈار نے جنگ بندی کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسائل کا واحد حل مذاکرات اور سفارت کاری ہے اور فریقین نے قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
علاوہ ازیں اسلام آباد میں اہم علاقائی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے سینئر حکام نے شرکت کی، جس میں علاقائی صورت حال اور باہمی تعاون پر تفصیلی غور کیا گیا، اجلاس کی سفارشات 17 اپریل کو ترکیہ کے شہر انطالیہ میں ہونے والے وزرائے خارجہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔