ایران میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پُرتپاک استقبال؛ مذاکرات جاری
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کیساتھ مذاکرات میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے وفد کی قیادت کی
ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے سلسلے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی وفد ایران امریکا جنگ بندی مذاکرات سے متعلق جاری سفارتی اور ثالثی کوششوں کے سلسلے کو آگے بڑھائیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی کاوشوں کا حصہ ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق پاکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد کا پُرتپاک استقبال ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کیا۔ اس موقع پر ایران کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
📸 Arrival of Pakistan’s Army Chief, General Asim Munir, in Tehran, welcomed by Foreign Minister @araghchi. pic.twitter.com/HWwvhAV0Nx
ایرانی میڈیا کے مطابق پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد ایرانی حکومت کے اعلیٰ ترین حکام سے ملاقات کرے گا جس میں مذاکرات کے دوسرے دور کی تیاری کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
آئی آر آئی بی نیوز ایجنسی کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی مذاکرات کا دوسرا دور آئندہ چند دنوں میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے۔
بعد ازاں ایران وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر کی گئی پوسٹ میں بتایا کہ پاکستان کے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ مذاکرات شروع ہوگئے۔