سوشل میڈیا پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے نام سے چلنے والے فیک پیجز کا انکشاف
سوشل میڈیا پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے نام سے چلنے والے فیک پیجز کا انکشاف ہوا ہے، تعلیمی معلومات کے نام پر متعدد فیک فیس بک گروپس کی نشاندہی کی گئی۔
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی نے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی سے رجوع کرلیا۔
خط میں لکھا ہے کہ فیک اکاؤنٹس کے خلاف فوری کارروائی کرکے انھیں بلاک کیا جائے اور طلبہ کو گمراہ کرنے والے سوشل میڈیا پیجز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائے، صرف ایک آفیشل میٹا ویریفائیڈ اکاؤنٹ مستند ہے جبکہ جعلی پیجز پر غلط معلومات کی وجہ سے طلبہ متاثر ہو رہے ہیں۔
محکمے نے خط میں لکھا ہے کہ بورڈ کے نام سے 24 جعلی فیس بک اکاؤنٹس، 8 مختلف انسٹاگرام کے جعلی اکاونٹس جبکہ واٹس ایپ کا ایک جعلی اکاؤنٹ فعال ہے۔ جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے غلط تعلیمی معلومات پھیلانے کا خطرہ بڑھ گیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے طارق نواز کا کہنا تھا کہ بورڈ کے خط پر جعلی پیجز اور گروپس کے خلاف کاررروائی کا آغاز کر دیا ہے، جعلی پیجز اور گروپس کے ذریعے پیپر لیک ہونے کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔