اسلام آباد مذاکرات کے ممکنہ دوسرے دور کیلئے انتظامات جاری، سیکیورٹی ہائی الرٹ، پنجاب سے پولیس طلب

اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر اضافی ناکہ بندی کی گئی ہے اور شہر میں داخل ہونے والی ہرگاڑی کی تلاشی لی جا رہی ہے

اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے ممکنہ دوسرے دور کے لیے وفاقی دارالحکومت میں انتظامات جاری ہیں، سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے اور پنجاب سے اضافی پولیس نفری طلب کرلی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ممکنہ طور پر امریکا اور ایران مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے انتظامات کیے جارہے ہیں جہاں شہر کےحساس مقامات اور ریڈ زون کے باہر پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز اور ایف سی کی نفری بھی تعینات کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد کے ریڈزون میں غیرمتعلقہ افراد کا داخلہ روک دیا گیا ہے، اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر اضافی ناکے لگادیے گئے ہیں، کالے شیشے والی گاڑیوں یا شیڈ کے استعمال پر مزید سختی کی جا رہی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ پنجاب بھر سے اضافی نفری اسلام آباد طلب کرلی گئی ہے اور مختلف اضلاع سے اہلکار روانہ کردیے گئے ہیں، اسلام آباد کی مختلف شاہراہوں پر اضافی ناکہ بندی کی گئی ہے اور شہر میں داخل ہونے والی ہرگاڑی کی تلاشی لی جا رہی ہے، سڑکوں پر صفائی کروائی جا رہی ہے اور فٹ پاتھوں پر رنگ روغن کیا جا رہا ہے۔

راولپنڈی اسلام آباد کے تمام ٹرانسپورٹ اڈے بند کرنے کا فیصلہ

امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں ممکنہ مذاکرات کے پیش نظر ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ٹرانسپورٹ یونینز اور  راولپنڈی پولیس کا خصوصی اجلاس ہوا، جس کی سربراہی سیکرییٹری آر ٹی اے اسد شیرازی اور چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے کی، ضلعی انتظامیہ اور سینئر  پولیس حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

ذرائع نے بتایا کہ آج رات 12 بجے سے راولپنڈی اسلام آباد کے تمام ٹرانسپورٹ اڈے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جنرل بس اسٹینڈ پیرودھائی اور ڈی کلاس ٹرانسپورٹ اڈے بھی بند کردیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد سے دیگر اضلاع کو جانے والی  پبلک ٹرانسپورٹ، ٹریفک معطل رہے گی، دیگر اضلاع سے راولپنڈی اور اسلام آباد آنے والی ٹریفک بھی معطل رہے گی جبکہ راولپنڈی اسلام آباد میں انٹرا سٹی ٹرانسپورٹ بحال رہے گی۔

مزید بتایا گیا کہ جڑواں شہروں کے ٹرانسپورٹ اڈے 26 اپریل تک بند رہیں گے۔

راجا خاقان جمیل صدر پیرودھائی جنرل بس اسٹینڈ کا کہنا تھا کہ راولپنڈی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے  رات 12 بجے  ٹرانسپورٹ اڈے بند رکھنے کا کہا گیا ہے۔

ایران امریکہ جنگ بندی امن مذاکرات کے اسلام آباد میں متوقع دوسرے راؤنڈ کے حوالے سے پبلک ٹرانسپورٹ سمیت ٹورازم اور رینٹ اے کار سروس کو بھی 26 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، میڑو ریڈ اور گرین الیکٹرک بس سروس کو وی آئی پیز کی آمد سے 72 گھنٹے قبل بند کیا جائے گا۔

میڑو بس اور الیکٹرک بس سروس کو وفود کی آمد سے قبل مخصوص وقت تک آپریشنل رکھنے کا فیصلہ عوامی سفری سہولیات کے پیش نظر کیاگیا ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ گڈز ٹرانسپورٹ کو بھی فوری طور بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور گڈز ٹرانسپورٹ سروس گاڑیاں وفود کی آمد سے 72 گھنٹے قبل تک آمد و رفت جاری رکھ سکیں گی۔

گڈز ٹرانسپورٹ کو فوری بند نہ کرنے کا مقصد راولپنڈی سے آزاد کشمیر سمیت دیگرعلاقوں تک اشیائے خورونوش کی سپلائی ممکن بنانا ہے اور ضلعی کچہری کے زیر تعمیر منصوبے کے لیے مال بردار گاڑیوں کو بھی سامان پہنچانے کے لیے خصوصی اجازت ہوگی۔

 

Load Next Story