وزیراعظم قطر کے بعد ترکیہ پہنچ گئے، ترک وزیرخارجہ کی ملاقات
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف قطر کے مختصر دورے کے بعد ترکیہ پہنچ گئے جہاں ترک وزیرخارجہ حاقان فیدان نے ملاقات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ ترکیہ کے شہر انطالیہ پہنچے جہاں گورنر انطالیہ پلوسی شاہین نے پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔
اس موقع پر پاکستان کے ترکیہ میں سفیر یوسف جنید اور اعلی سفارتی اہلکار بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم کل پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کریں گے۔ فورم کے دوران، وزیر اعظم فورم میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرنے کے لیے "لیڈرز پینل" میں شرکت کریں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم کی صدر رجب طیب اردوان اور دیگر اہم عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف سے ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے ملاقات کی اور گفتگو کے دوران ترک وزیر خارجہ نے انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ صدر رجب طیب اردوان انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر وزیراعظم سے ملاقات کے منتظر ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال اور روایتی مہمان نوازی پر وزیرخارجہ حاقان فیدان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ باعث خوشی ہے کہ وہ اپنے دوسرے گھر ترکیہ کے دورے پر ہیں، انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت اور صدر رجب طیب اردوان سے انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ملاقات ان کے لیے باعث مسرت ہے۔