ڈیموں سے پانی کے اخراج میں اضافہ، بجلی کا شارٹ فال 3 ہزار میگاواٹ رہ گیا
ملک میں ڈیموں سے پانی کے اخراجات میں اضافہ ہوگیا، جس کے بعد بجلی کا شارٹ فال اب 3 ہزار میگاواٹ رہ گیا ہے۔
ارسا نے صوبوں کی جانب سے پانی کی طلب میں اضافے کے پیش نظر ڈیموں سے پانی کے اخراج میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے تحت تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج 8 ہزار کیوسک سے بڑھا کر 30 ہزار کیوسک کر دیا گیا ہے جبکہ منگلا ڈیم سے پانی کا اخراج 15 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اسی طرح صوبہ سندھ کا پانی کا حصہ 35 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کیوسک جبکہ پنجاب کا حصہ 33 ہزار سے بڑھا کر 43 ہزار کیوسک کر دیا گیا ہے۔ آئندہ آنے والے دنوں میں پانی کے اخراج میں مزید اضافہ کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کی پیداوار مزید بڑھنے کی توقع ہے۔
ڈیموں سے پانی کے اخراج میں اضافے کے باعث پن بجلی کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جبکہ موسم کی بہتری کے ساتھ بجلی کی طلب میں کمی آئی ہے، جس کے نتیجے میں بجلی کا شارٹ فال کم ہو کر 3 ہزار میگاواٹ رہ گیا ہے۔
پن بجلی ذرائع سے بجلی کی پیداوار 3400 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق تھرمل پاور پلانٹس 8 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں جبکہ نیوکلیر بجلی گھر 2880 میگاواٹ تک بجلی پیدا کر رہے ہیں۔ اسی طرح ونڈ پاور پلانٹس 1300 میگاواٹ، سولر ذرائع 350 میگاواٹ جبکہ بیاس پاور پلانٹ سے 80 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔
ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 16 ہزار 10 میگاواٹ ہے جبکہ کل طلب 19 ہزار میگاواٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے باعث شارٹ فال برقرار ہے، تاہم اس میں کمی آئی ہے۔
بجلی کی صورتحال میں بہتری کے بعد اسلام آباد ریجن میں لوڈشیڈنگ زیرو کر دی گئی ہے، جس سے صارفین کو ریلیف ملا ہے۔