جے وردنے نے فخر سے سر اٹھا کر ٹیسٹ کو الوداع کہہ دیا

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  منگل 19 اگست 2014
ساتھیوں نے کندھے پر اٹھا لیا، ریٹائرمنٹ کا فیصلہ سوچ بچار کے بعد کیا، نئے کھلاڑی زیادہ بہتر پرفارم کرینگے، جے وردنے۔  فوٹو : اے ایف پی

ساتھیوں نے کندھے پر اٹھا لیا، ریٹائرمنٹ کا فیصلہ سوچ بچار کے بعد کیا، نئے کھلاڑی زیادہ بہتر پرفارم کرینگے، جے وردنے۔ فوٹو : اے ایف پی

کولمبو: مہیلا جے وردنے نے فخر سے سر اٹھاکر ٹیسٹ کو الوداع کہہ دیا، سری لنکن صدر راجا پکسے، 40 ہزار پرستار، ساتھی کھلاڑیوں اور پاکستانی ٹیم نے اسٹار بیٹسمین کو شایان شان انداز سے رخصت کیا، جے وردنے نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ بڑی سوچ بچار کے بعد کیا۔

امید ہے کہ ہمارے بعد آنے والے زیادہ بہتر پرفارم کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق ٹیم کی فتح کے بعد مہیلا جے وردنے ایک باکس میں موجود صدر راجا پکسے سے گلے ملے تو چیف سلیکٹر جے سوریا بھی قریب ہی موجود تھے، والدین سے ملاقات کے بعد اسٹار بیٹسمین مسکراتے ہوئے میدان واپس آئے تو ایک ایک کرکے پاکستان کے تمام کرکٹرز نے گلے لگایا،وقار یونس نے سرگوشی کرنے کے بعد ان کی پیٹھ تھپتھپائی، جے وردنے کے نالندا کالج سے تعلق رکھنے والے جونیئر کرکٹرز نے بیٹ اٹھاکر انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا،اسکے بعد انھوں نے کھلاڑیوں کے کندھوں پر سوار ہوکر میدان کا چکر لگایا، پھر نیچے اترنے کے بعد بھی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے تماشائیوں کی تالیوں کا جواب دیتے رہے۔

اس دوران انھوں نے اپنی بیٹی کو بھی گود میں اٹھا لیا،نالندا کالج اولڈ بوائز ایسوسی ایشن اور سنہالیز اسپورٹس کلب کے صدر نے انھیں سووینیئر پیش کیا،سری لنکن ٹیم کے بعد پاکستان کی طرف سے منیجر معین خان اور پھر صدر راجا پکسے نے بھی انھیں یادگاری شیلڈ پیش کی،اس موقع پر آتشبازی بھی کی گئی۔ جے وردنے نے کہا کہ میرے پاس کہنے کیلیے الفاظ موجود نہیں تاہم وعدہ کرتا ہوں کہ روؤں گا نہیں، ساتھی کھلاڑیوں، پاکستانی ٹیم، کوچز، ماضی میں ساتھ کھیلنے والے کرکٹرز، اسکول، کالج اور کولمبو کے میدان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اتنی بڑی تعداد میں خیرباد کہنے کیلیے آنے والے پرستاروں اور صدرراجا پکسے کا بھی شکرگزار ہوں۔

ہمیشہ سری لنکن کیپ کو باعث فخر محسوس کرتے ہوئے ایک جذبے کے ساتھ کھیلا، اپنی باقی کرکٹ میں مسلسل کئی برس تک سپورٹ کرنے والے شائقین کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے ورلڈ کپ میں بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کروں گا، انھوں نے اچھے بُرے وقتوں میں ساتھ دینے والی اہلیہ اور دیگر فیملی کے ساتھ بیٹنگ میں کئی سال شراکت نبھانے والے سنگاکارا کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔

جے وردنے نے کہا کہ 17 سالہ ٹیسٹ کیریئر سے لطف اندوز ہونے کے بعد ریٹائرمنٹ کا فیصلہ بڑی سوچ بچار کے بعد کیا، کھلاڑی آتے جاتے رہتے ہیں لیکن کھیل کبھی نہیں رکتا، کہا جاتا تھا کہ سری لنکا مرلی دھرن کے بغیر میچز نہیں جیت سکتا لیکن ہماری کارکردگی اچھی رہی، امید ہے کہ ہمارے بعد آنے والے زیادہ اچھا پرفارم کریں گے۔ یاد رہے کہ جے وردنے نے 149 ٹیسٹ میں 49.84 کی اوسط سے 34 سنچریوں سمیت 11814 رنز بنائے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔