پی آئی اے 55 ہزار عازمین حج کو حجازِ مقدس پہنچائے گی، کل سے روانگی کا آغاز، شیڈول جاری
فوٹو: فائل
پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن کل سے شروع ہوگا ۔ اس حوالے سے کمپنی نے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق قبل از حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز 19 اپریل سے ہوگا، جس کے تحت رواں سال 191 پروازوں کے ذریعے 55 ہزار سے زائد عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔
سرکاری اسکیم کے تحت 49 ہزار جب کہ پرائیویٹ حج گروپس کے تحت 6 ہزار سے زائد عازمین پی آئی اے کے ذریعے سفر کریں گے۔ حج آپریشن کے لیے اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور کوئٹہ سے براہ راست پروازیں چلائی جائیں گی۔
قبل از حج آپریشن کے تحت اسلام آباد سے 46 پروازوں کے ذریعے 15 ہزار 400 سے زائد عازمین کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا، جبکہ کراچی سے 55 پروازوں کے ذریعے 15 ہزار سے زائد، لاہور سے 34 پروازوں کے ذریعے 12 ہزار 377، فیصل آباد سے 23 پروازوں کے ذریعے 3 ہزار 680، ملتان سے 13 پروازوں کے ذریعے 5 ہزار 383، سیالکوٹ سے 5 پروازوں کے ذریعے 2 ہزار 75 اور کوئٹہ سے 15 پروازوں کے ذریعے 4 ہزار 487 عازمین کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔
حج آپریشن کی پہلی پرواز پی کے 747 سیالکوٹ سے مدینہ منورہ کے لیے 19 اپریل کو رات 1 بج کر 55 منٹ پر 390 سے زائد عازمین کو لے کر روانہ ہوگی، جبکہ فیصل آباد سے پرواز پی کے 4003 بھی اسی روز صبح 11 بج کر 5 منٹ پر 150 سے زائد عازمین کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوگی۔
ملتان سے پہلی حج پرواز 20 اپریل کو صبح 6 بج کر 35 منٹ پر 391 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ کے لیے اڑان بھرے گی۔ اسلام آباد سے مدینہ منورہ کی پہلی پرواز پی کے 713، 21 اپریل کو صبح 11 بج کر 30 منٹ پر 300 سے زائد عازمین کو لے کر روانہ ہوگی، جبکہ کوئٹہ سے پہلی حج پرواز بھی 21 اپریل کو صبح 5 بج کر 45 منٹ پر 300 سے زائد عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔
کراچی سے پہلی افتتاحی پرواز 23 اپریل کو پی کے 743 کے ذریعے صبح 7 بج کر 15 منٹ پر 391 عازمین کو لے کر روانہ ہوگی، جبکہ لاہور سے قبل از حج آپریشن کی پہلی پرواز پی کے 747، 24 اپریل کو رات 10 بج کر 20 منٹ پر 300 سے زائد عازمین کو لے کر روانہ ہوگی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے ایئرپورٹس اور پی آئی اے دفاتر پر موجود ایئر لائنز کی ٹیمیں عازمین حج کو معلومات اور رہنمائی فراہم کریں گی۔
پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 21 مئی کو اختتام پذیر ہوگا۔ عازمین کی خدمت کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور تمام ٹیموں کو سی ای او پی آئی اے کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ حجاج کی خدمت میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔