لاہور: گھریلو جھگڑے پر بہنوئی اور اس کے بھائی کو قتل کرنے کی کوشش، 5 ملزمان گرفتار

میاں بیوی کے درمیان گزشتہ رات ہونے والی ناچاقی پر معاملہ شدت اختیار کر گیا

لاہور کوٹ لکھپت کے علاقے میں گھریلو جھگڑے نے خونی رخ اختیار کر لیا، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اقدام قتل میں ملوث 5 ملزمان کو موقع سے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق کوٹ لکھپت پولیس کو گھریلو جھگڑے کی اطلاع موصول ہوئی، جہاں میاں بیوی کے درمیان گزشتہ رات ہونے والی ناچاقی پر معاملہ شدت اختیار کر گیا۔

بیوی کے بھائیوں نے مل کر بہنوئی اللہ یار اور اس کے چھوٹے بھائی نوید کو تشدد کا نشانہ بنایا اور چھری کے وار کر کے قتل کرنے کی کوشش کی۔

حملے کے نتیجے میں دونوں افراد کمر اور کندھے پر گہرے زخم آنے سے شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان شکیل، افضال، رمضان، عمر اور سلطان کو گرفتار کر لیا، ایس پی ماڈل ٹاؤن جہانداد اکرم کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

ایس پی کا کہنا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

Load Next Story