کراچی: میٹرک امتحانات میں نقل مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن، 4 ملزمان گرفتار

ملزم مبین خان کے 13 گروپس میں تقریباً 13 ہزار طلبہ ممبرز ہیں، ڈی آئی جی

کراچی میں میٹرک بورڈ کے جاری امتحانات کے دوران نقل مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان کے احکامات پر سی آئی اے نے ٹیکنیکل اور ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے منظم نقل اور پیپر لیک میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں۔

ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر کے مطابق مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران 4 گینگ سرغنہ گرفتار کیے گئے جن میں مبین خان، اسامہ، بلال اور عبدالرزاق شامل ہیں۔ ملزمان کو ملیر، سرجانی، نیو کراچی اور گلشن کے علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان طلبہ سے پیپر لیک کی گارنٹی دیکر لاکھوں روپے کما چکے ہیں، رقم مختلف آن لائن بینکنگ چینلز کے ذریعے وصول کی جاتی تھی۔ 

پولیس کے مطابق شہر میں نقل مافیا کے 8 سے 10 منظم گروہ سرگرم ہیں جن میں ایک مرکزی گروہ مبین خان کا بتایا جا رہا ہے جس کے مبینہ طور پر 13 گروپس میں تقریباً 13 ہزار طلبہ ممبرز ہیں۔ مبین خان سندھ مدرستہ الاسلام میں سائبر سیکیورٹی فائنل کا طالبعلم ہے۔

گرفتار دیگر ملزمان میں انٹر کا طالبعلم بھی شامل ہے، ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔ ڈی آئی جی سی آئی اے نے واضح کیا ہے کہ نقل مافیا میں ملوث کسی بھی فرد کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

Load Next Story