پاکستانی آئی ٹی کمپنی کا افریقا میں سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی منصوبے کا کامیاب آغاز
پاکستانی آئی ٹی کمپنی سپرنیٹ گلوبل نے افریقا میں سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی منصوبے کا کامیاب آغاز کرلیا۔
پاکستان کی آئی ٹی و ٹیلی کام کمپنیوں کی عالمی سطح پر توسیع، ڈیجیٹل سروسز اور سرمایہ کاری کے مواقع میں نمایاں اضافہ ہورہا ہے۔ اسی تسلسل میں معروف پاکستانی کمپنی سپرنیٹ گلوبل نے افریقا میں سیٹلائٹ بیسڈ کنیکٹیویٹی سروس کا باضابطہ آغاز کردیا ۔
پاکستانی معروف کمپنی سپرنیٹ گلوبل نے تنزانیہ میں اپنا پہلا منصوبہ مکمل کر لیا، جہاں سیٹلائٹ کے ذریعے ہائی کیپیسٹی انٹرنیٹ خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔
سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کم ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر والے علاقوں میں تیز رفتار اور فوری تعیناتی کے ساتھ مؤثر کنیکٹیویٹی حل فراہم کر رہی ہے۔ کمپنی نے افریقا میں آئی سی ٹی انفرا اسٹرکچر ، سائبر سیکیورٹی اور ڈیجیٹل سروسز میں مزید توسیع کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا ہے۔
سپرنیٹ گلوبل کی عالمی توسیع پاکستان کی آئی ٹی برآمدات، زرمبادلہ آمدن اور بین الاقوامی ساکھ میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔ پاکستانی آئی ٹی سیکٹر کی عالمی پیش رفت ڈیجیٹل برآمدات، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی میں ملک کے ابھرتے کردار کو مستحکم کر رہی ہے۔