ایران، امریکا متوقع مذاکرات کے پیش نظر اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ،ریڈ زون آج بھی مکمل بند

ریڈ زون آج بھی مکمل طور پر بند رکھا گیا ہے۔ جبکہ شہر میں میٹرو بس سروس عارضی طور پر معطل ہے

اسلام آباد: ایران اور امریکہ کے درمیان متوقع مذاکرات کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق ریڈ زون آج بھی مکمل طور پر بند رکھا گیا ہے۔ جبکہ شہر میں میٹرو بس سروس عارضی طور پر معطل ہے۔

حکام کے مطابق شہر بھر کے بس اسٹینڈز اور لاری اڈے بھی بند ہیں تاہم 26 نمبر کے مقام پر قائم بس ٹرمینلز عوام کے لیے بحال کر دیے گئے ہیں۔

ریڈ زون کی جانب جانے والے راستوں پر سیکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے جوائنٹ چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس طلب کر لیا گیا جس میں سینئر وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں توسیع کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اجلاس میں مذاکرات کے دوسرے دور کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی قیادت آج بھی ایرانی قیادت کے ساتھ رابطے کرے گی، جبکہ پاکستان نے امریکی صدر کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

Load Next Story