کراچی؛ 70 دن میں 7 منزلہ عمارت کھڑی ہو گئی، انسانی جانوں کیلیے سنگین خطرہ
(فوٹو: فائل)
لیاری میں غیر قانونی طور پر 70 دن کے اندر 7 منزلہ عمارت تعمیر کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
عمارت کی غیر قانونی تعمیرات اور انسانی جانوں کو داؤ پر لگانے کے خلاف شہری زاہد حسین سندھ ہائیکورٹ پہنچ گیا، جس نے لیاری میں غیر قانونی عمارت کی تعمیرات کے خلاف درخواست دائر کر دی ہے۔
درخواست میں سندھ حکومت، ایس بی سی اے، اینٹی انکروچمنٹ اور لینڈ ڈپارٹمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے جبکہ بلڈرز شاہ جہان اور شاہ نواز کو بھی درخواست میں شامل کیا گیا ہے۔
عدالت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لیاری کے علاقے آگرہ تاج میں بلڈرز کی جانب سے غیر قانونی طور پر عمارت تعمیر کی گئی ہے ۔ یہ تعمیر آگرہ تاج کالونی مرزا آدم خان روڈ پر واقع پلاٹ نمبر 25 پر کی گئی ہے۔
درخواست گزار کے مطابق بلڈرز نے محض 70 دن کے اندر 7 منزلہ عمارت کھڑی کر دی، جو ایس بی سی اے سمیت دیگر قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیر کی گئی۔ مزید یہ کہ عمارت کی تعمیر میں ناقص مٹیریل استعمال کیا گیا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق غیر قانونی تعمیرات کے خلاف متعدد بار ایس بی سی اے کو شکایات درج کرائی گئیں لیکن ادارے کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
درخواست میں اس بات کی بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ کچھ روز قبل لیاری کے علاقے بغدادی میں عمارت گرنے کے واقعے میں 13 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جس کے بعد اس طرح کی غیر قانونی تعمیرات انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہیں۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مذکورہ غیر قانونی عمارت کو مسمار کرنے کا حکم دیا جائے اور ایس بی سی اے کو فوری طور پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا پابند بنایا جائے۔