ستارہ پیٹرولیم کا اسٹوریج انفرااسٹرکچر کی توسیع کیلئے 4.8 ارب روپے جمع کرنے کا اعلان

آئی پی او کے ذریعے75 فیصد شیئرز ادارہ جاتی اور بڑے انفرادی سرمایہ کاروں کو آفر کیے جائیں گے

فوٹو: فائل

ستارہ پیٹرولیم سروس لمیٹڈ نے آئی پی او کے ذریعے 4.8 ارب روپے حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے اور یہ سرمایہ فیول ریٹیل نیٹ ورک، لاجسٹکس آپریشنز اور اسٹوریج انفرااسٹرکچر کی توسیع پر خرچ کیا جائے گا۔

کمپنی کے پراسپیکٹس کے مطابق کمپنی مجموعی طورپر 279.9ملین آرڈینری شیئرز کی پیش کش کررہی ہے جو آئی پی او کے بعد ادا شدہ سرمائے کا 16.66فیصد ہے، ان میں سے 111.9 ملین شیئرز پہلے ہی پری آئی پی او ٹرانزیکشن کے ذریعے الاٹ کیے جاچکے ہیں اور 168ملین شیئرزپبلک کے لیے پیش کیے جارہے ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ بک بلڈنگ کا آغاز 13.50 روپے فی حصص سے کیا جائے گا اور بک بلڈنگ کے دوران سرمایہ کاروں کی دلچسپی کی بنیاد پر حصص کی اسٹرائیک پرائس40 فیصد اضافے کے ساتھ 18.90روپے فی شیئر تک بڑھ سکتی ہے۔

آئی پی او کے ذریعے75 فیصد شیئرز ادارہ جاتی اور بڑے انفرادی سرمایہ کاروں کو آفر کیے جائیں گے جبکہ بقیہ25 فیصد شیئرز پبلک کو جاری کیے جائیں گے، بک بلڈنگ 4 اور 5مئی،  جنرل پبلک سبسکرپشن کا انعقاد 11 اور 12 مئی کو ہوگا، کمپنی نے آئی پی او کے لیے عارف حبیب لمیٹڈ کو کنسلٹنٹ او ر بک رنر مقرر کیا ہے۔

کمپنی 14.85روپے فی شیئر کے حساب سے پری آئی پی او کے ذریعے تقریباً 1.66ارب روپے اکٹھا کرچکی ہے،  آئی پی او کے ذریعے کیپ پرائس سے تقریباً3.175ارب روپے کی جمع ہونے کی توقع ہے، جس سے مجموعی رقم4.83ارب روپے تک پہنچ جائے گی۔

آئی پی او کے ذریعے حاصل شدہ سرمائے سے کمپنی بنیادی طور پر آئل اسٹوریج ٹرمینل کی تعمیر، فیول اسٹیشنزکے نیٹ ورک میں توسیع اور کمپنی کے ٹینکر فلیٹ میں اضافہ کیا جائے گا،  آئی پی او سے حاصل ہونے والی رقم کا 56فیصد اسٹوریج ٹرمینل کے لیے مختص ہے جبکہ بقیہ رقم ریٹیل توسیع اور لاجسٹکس کے لیے استعمال کی جائے گی۔

ستارہ پیٹرولیم سروس لمیٹڈ فیول ٹریڈنگ، ڈسٹری بیوشن، ریٹیل اور پیٹرولیم لاجسٹکس کے شعبوں میں سرگرم ہے، مالی سال 2026کی پہلی ششماہی تک 61 ریٹیل آؤٹ لیٹس اور 320 آئل ٹینکرز کے ذریعے بنیادی طور پر گو پاکستان کو خدمات فراہم کر رہی ہے، کمپنی کا آئندہ 2 سال میں اپنے ریٹیل نیٹ ورک کو 100 سے زائد آؤٹ لیٹس تک بڑھانے اور 2027 تک ٹینکر فلیٹ کو 370گاڑیوں تک توسیع دینے کا منصوبہ ہے جبکہ مستقبل میں آئل مارکیٹنگ کمپنی(OMC)  بننے کے لیے اسٹوریج صلاحیت میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔

ستارہ پیٹرولیم سروس لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ظہیر بیگ نے کہا کہ آئی پی او کمپنی کو ایک مربوط اور جامع کاروباری ماڈل کی جانب منتقل کرنے میں مدد فراہم کرے گا، جس کے ذریعے اسٹوریج اسٹرکچر میں سرمایہ کاری، ریٹیل اور لاجسٹکس نیٹ ورک میں توسیع، آپریشنل کنٹرول میں بہتری اور طویل المدّتی ترقی کے امکانات کو مضبوط بنایا جاسکے گا۔

عارف حبیب لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد علی حبیب نے کہا کہ ستارہ پیٹرولیم کا آئی پی او پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی گہرائی اور پختگی کی عکاسی ہے، جس میں مضبوط بنیادوں اور توسیعی حکمت عملی رکھنے والی کمپنیاں ایکویٹی فنانسنگ کی طرف راغب ہو رہی ہیں، ستارہ پیٹرولیم کا مربوط کاروباری ماڈل، اسٹوریج اور ریٹیل انفرا اسٹرکچر میں مجوزہ سرمایہ کاری کے ساتھ اسے توانائی اور لاجسٹکس کے شعبوں میں طویل المدّتی ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے مضبوط پوزیشن فراہم کرتا ہے، ہمیں یقین ہے کہ یہ پیش کش سرمایہ کاروں کے لیے ایک قابل توسیع اور ترقی پذیر کاروبار میں شرکت کا ایک زبردست موقع فراہم کرتی ہے۔

مالیاتی اعتبار سے ستارہ پیٹرولیم سروس نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، کمپنی نے مالی سال 2025 میں 121.9 ارب روپے کی آمدنی حاصل کی جو گزشتہ سال کے 40.9 ارب روپے کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے جبکہ کمپنی نے 3.25 ارب روپے کا بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا، مالی سال 2026کی پہلی ششماہی میں کمپنی کی نیٹ ورتھ 11.37ارب روپے رہی۔

Load Next Story