رواں سال پاکستان میں پولیو کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے، وزیراعظم کو بریفنگ
انسداد پولیو حکام نے وزیراعظم کو بریفنگ دی ہے کہ 2026ء میں اب تک پاکستان میں پولیو کا صرف ایک کیس ضلع سجاول سے رپورٹ ہوا جب کہ 2024ء میں پولیو کے 74 کیسز اور 2025ء میں 31 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو پر اہم جائزہ اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں شرکا کو انسداد پولیو اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سال 2026ء میں اب تک پاکستان میں پولیو کا صرف ایک کیس ضلع سجاول سے رپورٹ ہوا، 2024ء میں پولیو کے 74 کیسز اور 2025ء میں 31 کیسز رپورٹ ہوئے، صوبۂ پنجاب، صوبۂ خیبر پختونخوا، صوبۂ بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے اس سال اب تک پولیو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔
سال 2025ء کی پہلی سہ ماہی میں ملک کے 67 اضلاع پولیو سے متاثرہ تھے جن کی تعداد سال 2026ء کی پہلی سہ ماہی میں کم ہو کر 23 رہ گئی۔ نیشنل ہاؤس ہولڈ کوریج تمام انسداد پولیو مہمات میں 98 فیصد رہی۔
خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع میں بہتر رسائی اور انسداد پولیو مہم کی وجہ سے پولیو قطروں سے محروم رہ جانے والے بچوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ کوئٹہ بلاک میں پولیو وائرس کی مقامی پھیلاؤ میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے
کراچی میں مارچ کے مہینے میں 12 میں سے 10 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس نہیں پایا گیا جو کہ ایک اچھی پیشرفت ہے۔
اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ستمبر 2025ء سے پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ ضلع بنوں میں پولیو سے زیادہ متاثرہ یونین کونسلوں کی تعداد 62 سے کم ہو کر 6 رہ گئی۔
مزید برآں وفاق اور صوبائی سطح پر ای پی آئی اور پی ای آئی کے انضمام کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اقدامات کو انسداد پولیو سے جوڑنے اور مشروط کرنے کے حوالے سے بھی کام کیا جا رہا ہے۔