پاکستان کا بدلتی ہوئی علاقائی وعالمی صورتحال پر فعال اور نتیجہ خیز سفارتی کردار ادا کرنے کا عزم

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ کی ترکیے اور کرغیزستان کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی، ترجمان دفترخارجہ

فوٹو: فائل

پاکستان نے بدلتی ہوئی علاقائی اور عالمی صورت حال پر ٹھوس اہداف کے ساتھ فعال اور نتیجہ خیز سفارتی کردار ادا کرنے کا عزم دہراتے ہوئے تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی اور اجلاس میں خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال اور آئندہ بین الاقوامی مصروفیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے عالمی و علاقائی پیش رفت پر افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا  اور خارجہ پالیسی کی ترجیحات پر مؤثر اور پیشگی سفارتی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ واضح حکمت عملی، اسٹریٹجک وژن اور ٹھوس اہداف کے ساتھ نتائج پر مرکوز سفارت کاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان بدلتی ہوئی علاقائی و عالمی صورت حال کے تناظر میں فعال اور نتیجہ خیز سفارتی کردار ادا کرتا رہے گا۔

اسحاق ڈار کی ترک وزیرخارجہ سے رابطہ، علاقائی صورتحال و مذاکرات پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور ترک وزیرخارجہ حاقان فیدان نے ٹیلی فونک رابطے میں علاقائی صورت حال اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ نے گزشتہ ہفتے انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں شرکت کرنے والے پاکستانی وفد کی مہمان نوازی پر ترکیے کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی ترکیے، سعودی عرب، مصر اور پاکستان پر مشتمل آر-4 کے تیسرے اجلاس کی میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔

بعد ازاں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کرغیزستان کے وزیرخارجہ جینبیک کولوبائیف سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور دونوں نے دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی اور پاکستان-کرغیزستان تعلقات کو مضبوط بنانے کا عزم دہرایا۔

ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ کرغیزستان کے وزیرخارجہ کولوبائیف نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کے فروغ میں نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ کی کوششوں اور پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔

Load Next Story