’ان شاء اللہ‘ کہنے والی ہالی ووڈ اداکارہ کو قرآن مجید کا تحفہ

اداکارہ نے نہ صرف قرآن مجید کا تحفہ قبول کیا بلکہ مداح کے ساتھ تصویر بھی بنوائی

ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ این ہیتھوے ایک بار پھر مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئیں، جب لندن میں ایک تقریب کے دوران انہیں مداح نے قرآنِ مجید بطور تحفہ پیش کیا، جس پر اداکارہ نے خوشگوار حیرت اور مسکراہٹ کے ساتھ شکریہ ادا کیا۔

تقریب کے دوران این ہیتھوے اپنے مداحوں کو آٹوگراف دے رہی تھیں کہ اسی دوران ایک مداح نے آگے بڑھ کر انہیں قرآنِ پاک پیش کیا۔ مداح کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے اداکارہ کو ایک انٹرویو میں ’ان شاء اللہ‘ کہتے سنا تو اسی وقت ارادہ کرلیا تھا کہ ملاقات ہوئی تو یہ مقدس کتاب بطور تحفہ ضرور دیں گے۔

اداکارہ نے نہ صرف تحفہ قبول کیا بلکہ مداح کے ساتھ تصویر بھی بنوائی، جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں این ہیتھوے کی ایک ویڈیو بھی عالمی سطح پر مقبول ہوئی تھی، جس میں انہوں نے مستقبل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ’ان شاء اللہ‘ کا جملہ استعمال کیا تھا۔ اس انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ انسان کو بڑھتی عمر سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ زندگی کے ہر مرحلے کی اپنی خوبصورتی ہوتی ہے، اور وہ خود ’ان شاء اللہ‘ ایک طویل اور صحت مند زندگی گزارنے کی خواہش رکھتی ہیں۔

این ہیتھوے اپنے کیریئر میں دی پرنسز ڈائریریز، دی ڈیول ویئرز پراڈا اور لیس میزرایبل جیسی کامیاب فلموں میں شاندار اداکاری کا مظاہرہ کر چکی ہیں، اور انہیں آسکر ایوارڈ سمیت کئی بڑے اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ اس حالیہ واقعے کے بعد ایک بار پھر وہ مداحوں کی محبت اور توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔

Load Next Story