کراچی؛ بنگلے میں 43 لاکھ اور طلائی زیورات کی ڈکیتی، مقدمہ درج، فوٹیج بھی سامنے آگئی
گلستان جوہر بنگلے میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکوؤں نے اہلخانہ کو یرغمال بناکر کمرے میں بند کر دیا اور 43 لاکھ روپے سے زیادہ کیش رقم، اور طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے، دو روز قبل پیش آئی ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ تھانے میں درج کر لیا گیا جبکہ سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلی میں سلور کلر کی کالے شیشوں والی کار آکر رکتی ہے، ایک ملزم گاڑی سے اتر کر ایک بنگلے کا گیٹ چیک کرتا ہے اور گیٹ بند ہونے پر ملزم دوسرے بنگلے کی طرف جاتا ہے۔
واردات میں ملوث ملزمان نے شناخت چھپانے کے لیے اپنے منہ پر ماسک پہن رکھے تھے۔ واردات کے بعد چاروں ڈاکو کار میں بیٹھ کر فرار ہو جاتے ہیں۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی تاہم دو روز گزر جانے کے باوجود پولیس واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ نہیں لگا سکی۔