امارات سمیت متعدد خلیجی ممالک نے کرنسی سواپ کیلئے رابطہ کیا ہے، امریکی وزیر خزانہ کا انکشاف

کرنسی سواپ کا مقصد صرف ڈالر کی فراہمی نہیں بلکہ عالمی مالیاتی نظام میں استحکام کو یقینی بنانا بھی ہوتا ہے

امریکی سینیٹ کی ایک سماعت کے دوران وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے انکشاف کیا ہے کہ کئی خلیجی اتحادی ممالک نے امریکا سے کرنسی سواپ سہولت حاصل کرنے کے لیے درخواستیں دی ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق اسکاٹ بیسنٹ نے بتایا کہ ان درخواست دینے والے ممالک میں متحدہ عرب امارات بھی شامل ہے، جو مالیاتی استحکام برقرار رکھنے کے لیے اس سہولت میں دلچسپی رکھتا ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ کرنسی سواپ کا مقصد صرف ڈالر کی فراہمی نہیں بلکہ عالمی مالیاتی نظام میں استحکام کو یقینی بنانا بھی ہوتا ہے۔ اس طریقہ کار کے تحت امریکا کسی ملک کو عارضی طور پر ڈالر فراہم کرتا ہے جبکہ اس کے بدلے میں متعلقہ ملک کی کرنسی حاصل کی جاتی ہے۔

امریکی وزیر خزانہ کے مطابق اس اقدام کا ایک اہم مقصد یہ بھی ہے کہ اتحادی ممالک اپنے اثاثے اچانک اور بے ہنگم انداز میں فروخت نہ کریں، جس سے عالمی مالیاتی منڈیوں میں عدم استحکام پیدا ہو سکتا ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خلیجی ممالک اور عالمی معیشت کو درپیش چیلنجز کے باعث مالیاتی تعاون اور کرنسی استحکام کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

Load Next Story