لاہور: پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں 131 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم ہلاک

واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس نے برڈ ورڈ روڈ پر ناکے کے دوران مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا

لاہور کے سول لائنز علاقے میں پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں 131 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم ہلاک ہو گیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس نے برڈ ورڈ روڈ پر ناکے کے دوران مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی اور فرار ہونے کی کوشش کی۔

ترجمان کے مطابق پولیس نے محتاط حکمت عملی کے تحت جوابی کارروائی کی اور تعاقب جاری رکھا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں اسلحے سمیت سڑک پر پایا گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت عثمان رشید کے نام سے ہوئی ہے، جو تاجپور کا رہائشی تھا اور 131 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور انتہائی مطلوب قرار دیا جا رہا تھا۔

پولیس نے زخمی ملزم کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے متحرک ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Load Next Story