غصہ لمحوں میں ٹھنڈا کرنے والا جادوئی ’426 فارمولا‘

غصہ ایک فطری جذبہ ضرور ہے، لیکن اسے قابو میں رکھنا ہی اصل دانشمندی ہے

گھریلو ماحول میں سکون اور محبت بچوں کی ذہنی نشوونما کے لیے نہایت ضروری ہوتے ہیں، لیکن جب والدین کے درمیان جھگڑے اور غصہ غالب آ جائے تو اس کے اثرات براہِ راست بچوں کی شخصیت پر پڑتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق ایسا ماحول بچوں میں خوف، بے چینی، چڑچڑے پن اور خود اعتمادی کی کمی جیسے مسائل کو جنم دیتا ہے، جو آگے چل کر ان کی زندگی پر گہرے اثرات چھوڑ سکتے ہیں۔

ماہرِین نفسیات کا کہنا ہے کہ والدین کی لڑائی نہ صرف بچوں کے جذباتی سکون کو متاثر کرتی ہے بلکہ ان کی نیند، رویے اور ذہنی صحت پر بھی منفی اثر ڈالتی ہے۔ اکثر والدین آپس کے تنازعات کا غصہ بچوں پر نکال دیتے ہیں، جو چھوٹے بچوں میں خوف اور بڑے بچوں میں ڈپریشن اور تنہائی کے احساس کو بڑھا سکتا ہے۔

ماہرین غصے پر قابو پانے کے لیے ایک سادہ مگر مؤثر تکنیک بتاتے ہیں، جسے ’فور ٹو سکس‘ یا 426 فارمولا کہا جاتا ہے۔ اس طریقے کے مطابق جب بھی غصہ آئے تو پہلے 4 سیکنڈ تک گہری سانس لیں، پھر اسے 2 سیکنڈ تک روکیں اور آخر میں 6 سیکنڈ میں آہستہ آہستہ خارج کریں۔ اس عمل کو کم از کم تین بار دہرانے سے ذہنی تناؤ کم ہوتا ہے اور دماغ پرسکون ہونے لگتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے ساتھ ساتھ اپنے جذبات کسی قریبی دوست سے شیئر کرنا بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اگر کبھی غصہ بچوں پر نکل جائے تو بعد میں انہیں پیار سے سمجھانا چاہیے کہ اس میں ان کا کوئی قصور نہیں تھا۔ اس چھوٹی سی بات سے بچے کے ذہن پر پڑنے والے منفی اثرات کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ غصہ ایک فطری جذبہ ضرور ہے، لیکن اسے قابو میں رکھنا ہی اصل دانشمندی ہے، کیونکہ پُرسکون والدین ہی ایک پُراعتماد اور خوشحال بچے کی بنیاد رکھتے ہیں۔

Load Next Story