نو مئی مقدمات: خدیجہ شاہ سمیت دیگر ملزمان کے ضامنوں کیخلاف کارروائی شروع

عدالت نے مقدمات میں پیش نہ ہونے والے ملزمان کے ضامنوں کو طلبی کے نوٹسز جاری کردیے

(فوٹو: فائل)

نو مئی مقدمات میں ٹرائل کیلئے عدم پیشی پر عدالت نے خدیجہ شاہ کے دو ضامنوں کو طلبی کے نوٹسز جاری کر دیے۔

خدیجہ شاہ نے عسکری ٹاور حملہ کیس میں ضمانت کرائی تھی جبکہ وہ نو مئی کے ایک مقدمہ میں سزا کے بعد غائب ہو گئی تھیں۔ 

عدالت نے خدیجہ شاہ کے ضامن جہانزیب اور مراد علی کو نوٹس جاری کر دیے ہیں جنہوں نے خدیجہ شاہ کی پانچ پانچ لاکھ روپے کی ضمانت دی تھی۔ عدالت نے دونوں ضامنوں کو 25 اپریل کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

دریں اثنا عدالت نے ملزم زین الحسن کے دو ضامنوں ابوبکر اشرف اور عمران کو بھی طلبی کے نوٹسز جاری کردیے، ملزم احمد علی کے ضامن عبداللطیف اور ملزم عثمان کے ضامن عدنان اسلم کو بھی طلبی کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

عدالت نے ملزم حمزہ کے دو ضامنوں ہاشم اور قاسم کو بھی نوٹس جاری کردیے، ہاشم اور قاسم نے ملزم حمزہ کی دو دو لاکھ کی ضمانت دی تھی۔


انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے سماعت کی، عدالت نے کہا کہ ضامن کی ذمہ داری ہے کہ ملزم عدالتوں میں پیش ہوتا رہے۔ ملزمان کے پیش نہ ہونے سے ٹرائل کی کارروائی تاخیر کا شکار ہو رہی ہے۔

Load Next Story