صومالیہ کے قریب بحری قزاقوں کا آئل ٹینکر پر حملہ، عملہ یرغمال، متعدد پاکستانی بھی شامل
مال بردار پاکستانی بحری جہاز ’ایم وی سلامہ 1‘ غذائی اجناس لے کر صومالیہ کی طرف جارہا تھا۔ (فوٹو: فائل)
صومالیہ کے قریب سمندری حدود میں بحری قزاقی کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں قزاقوں نے ایک آئل ٹینکر پر حملہ کر کے اسے اپنے قبضے میں لے لیا۔
شپنگ کی عالمی ویب سائٹ دی میری ٹائم ایگزیکٹو کے مطابق ’اونر 25‘ نامی جہاز پر 21 اپریل کو حملہ کیا گیا، جس کے بعد قزاقوں نے جہاز کا کنٹرول سنبھال لیا، جہاز پر مختلف ممالک کا عملہ موجود ہے جسے یرغمال بنالیا گیا ہے، اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ اس جہاز پر متعدد پاکستانی بھی موجود ہیں۔
آج جہاز اغوا ہونے کے چار دن بعد آئل ٹینکر پر موجود پاکستانی شہریوں کے اہل خانہ مدد کے لیے جے ڈی سی ہاؤس پہنچ گئے۔
متاثرین کے اہل خانہ نے بتایا کہ سب سے پہلے ایک فیملی آئل ٹینکر پر موجود کریو سے رابطے میں تھی، کریو نے بتایا کہ ہمارے جہاز کو اغوا کرلیا گیا ہے، یہ جہاز ہیلس مین نامی کمپنی کا ہے۔
اہل خانہ کے مطابق اغوا ہوئے پاکستانیوں میں حسین یوسف عمر 53 سال، کاشف عمر 52 سال، حمید بن شمس عمر 29 سال اور دیگر شامل ہیں، چار روز ہوچکے ہیں ہمیں اپنے پیاروں کا کچھ نہیں معلوم، حکومت بحری قذاقوں سے نمٹے اور ہمارے پیاروں کو رہائی دلائے۔
متاثرہ افراد نے انکشاف کیا کہ صومالیہ قزاقوں نے ہمارے پیاروں سے فون پر بات کرائی ہے اور لاکھوں ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ حکومت مدد کرے۔