پنجاب میں اپنا کھیت اپنا روزگار اسکیم کا آغاز، بے زمین دیہاتیوں کو اراضی اور گرانٹ دینے کا اعلان

پنجاب میں بے زمین دیہاتیوں کو 160 ارب روپے مالیت کی اراضی دی جا رہی ہے، عظمیٰ بخاری

لاہور:

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ اور بے گھر افراد کو مفت پلاٹس دینے کے بعد اب بے روزگار افراد کے لیے ’’اپنا کھیت اپنا روزگار‘‘ اسکیم شروع کر دی ہے، جس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

عظمیٰ بخاری کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کا یہ فلیگ شپ پروگرام پنجاب میں زرعی انقلاب لائے گا اور اس سے ہزاروں افراد مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت پنجاب حکومت زمین کے ساتھ 50 ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک گرانٹ بھی فراہم کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں بے زمین دیہاتیوں کو 160 ارب روپے مالیت کی اراضی دی جا رہی ہے، جو صرف کاشتکاری کے لیے استعمال ہوگی۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز دعوے نہیں بلکہ عملی کام کرتی ہیں، کسانوں کو کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر، سپر سیڈر اور ٹیوب ویل سولرائزیشن جیسی سہولتیں دی گئی ہیں، جس کے باعث پنجاب میں گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مریم نواز کسان دوست اور زراعت دوست وزیراعلیٰ ہیں اور زراعت کا شعبہ ان کی اولین ترجیح ہے۔

Load Next Story