سرمایہ کاروں کی اسٹاک مارکیٹ میں ڈیجیٹل آن بورڈنگ مزید آسان

ایس ای سی پی نے اینٹی منی لانڈرنگ ریگولیشنز میں ترامیم تجویز کردیں

فوٹو: فائل

پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لیے اسٹاک مارکیٹ میں ڈیجیٹل آن بورڈنگ کو مزید آسان کردیا گیا۔

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے اینٹی منی لانڈرنگ ریگولیشنز میں ترامیم تجویز کر دی ہیں، جن کا مقصد سرمایہ کاری کے عمل کو سہل اور محفوظ بنانا ہے۔

ایس ای سی پی کے مطابق سرمایہ کاروں کے اکاؤنٹس کی تصدیق اب آئی بی اے این اور راست کے ذریعے ممکن ہوگی، جس سے تصدیقی عمل مزید تیز ہو جائے گا۔

ادارے کا کہنا ہے کہ بینک اکاؤنٹ رکھنے والے سرمایہ کاروں کے لیے کے وائی سی کا عمل بھی پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان اور تیز کیا جا رہا ہے۔

نئے نظام کے تحت سرمایہ کار صرف تصدیق شدہ بینک اکاؤنٹس یا ای والٹس کے ذریعے ہی ٹرانزیکشن کر سکیں گے، سرمایہ کاروں کی شناخت کے لیے نادرا کے تعاون سے فیشل ریکگنیشن سسٹم متعارف کرانے کی تیاری بھی کی جا رہی ہے۔

ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل سرمایہ کاری کے فروغ کے ساتھ اینٹی منی لانڈرنگ فریم ورک کو بھی جدید بنایا جارہا ہے، مجوزہ ترامیم کا مسودہ عوامی رائے کے لیے ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر جاری کر دیا گیا ہے۔

Load Next Story