پی ایس ایل 11: کراچی کنگز کے ہاتھوں گلیڈی ایٹرز کو شرمناک شکست

کپتان ڈیوڈ وارنر اور ریزا ہینڈرکس کی شاندار شراکت، کراچی کنگز نے 196 کا ہدف 19 ویں اوور میں 1 وکٹ گنوا کر حاصل کر لیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے باآسانی شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں کپتان ڈیوڈ وارنر اور ریزا ہینڈرکس کی شاندار شراکت کی بدولت کراچی کنگز نے 196 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں صرف 1 وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

کنگز کی جانب سے کپتان ڈیوڈ وارنر 90 اور ریزا ہینڈرکس 87 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر نمایاں رہے۔ جیسن رائے 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جہاں داد خان نے 1 وکٹ حاصل کی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے اہم میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے دونوں اوپنرز شامل حسین اور خواجہ نافع پہلے ہی اوور میں بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔

تجربہ کار بلے باز رائیلی روسو (90) اور کپتان سعود شکیل (57) نے 148 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو مشکل سے نکالا۔

دنیش چندیمل نے بھی 30 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 195 رنز تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ جبکہ حسن نواز اور جہانداد خان 3، 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے رضوان اللہ نے 3، حسن علی نے 2 اور عباس آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ یہ میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو دونوں ٹیموں کے ایونٹ میں مستقبل کے حوالے سے اہم اثر چھوڑے گا۔

دونوں ٹیموں کو ایونٹ میں برقرار رہنے کے لیے لازمی فتح درکار ہے تاہم یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کسی بھی ٹیم کی فتح اس کی پلے آف مرحلے میں رسائی کی ضمانت نہیں ہوگی۔

فتح حاصل کرنے والی ٹیم کو لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگزمین کے میچز کے نتائج کا انتظار کرنا ہوگا جس کے بعد ہی پلے آف مرحلے کی چوتھی ٹیم کا حتمی فیصلہ ہوگا۔

Load Next Story