راولپنڈی: اسکول اور کالج جانے والی طالبات کے ساتھ مبینہ نازیبا حرکات کرنے والے ملزمان گرفتار
راولپنڈی میں اسکول اور کالج جانے والی طالبات کے ساتھ مبینہ نازیبا حرکات کے واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق ملزمان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے (سی سی ڈی) کے درمیان مبینہ مقابلہ بھی ہوا، جس میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم زخمی ہو گیا جبکہ تینوں ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
زخمی ملزم محمد شیراز کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھیوں ذیشان اور حسیب سے اسلحہ اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزمان کا تعلق نیو چاکرہ کے علاقے سے ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبات سے نازیبا حرکات کی ویڈیو منگل کی شام سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کی۔ ان کے خلاف اقدامِ قتل، پولیس سے مزاحمت اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔