راولپنڈی میں طالبات سے نازیبا حرکت کرنے والا ملزم سی سی ڈی سے مقابلے میں زخمی
راولپنڈی میں اسکول اور کالج جانے والی طالبات کو ہراساں کرنے والے ملزمان کا سی سی ڈی سے مقابلہ، زخمی سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کا سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلہ ہوا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی ہو گیا جبکہ تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
زخمی ملزم محمد شیراز کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اس کے ساتھی ذیشان اور حسیب سے اسلحہ اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کا تعلق نیو چاکرہ کے علاقے سے ہے اور وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گھر جانے والی طالبات سے نازیبا حرکات کرتے تھے۔
یاد رہے کہ طالبات کو ہراساں کرنے کی ویڈیو منگل کی شام سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کی۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کے خلاف اقدام قتل، پولیس سے مزاحمت اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔