کراچی میں پانی فراہمی کا بڑا منصوبہ شروع، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر اہم کام جاری
شہر قائد میں پانی فراہمی سے متعلق اہم منصوبے پر کام شروع کردیا گیا ہے، اس حوالے سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر کام جاری ہے۔
سندھ حکومت اور عالمی بینک کے تعاون سے کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ (KWSSIP) کے تحت پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم اقدام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر نئی مرکزی لائن نمبر 5 کے انٹرکنکشن کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
نئی لائن کو موجودہ واٹر نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا عمل باقاعدہ طور پر آج 25 اپریل بروز ہفتہ دوپہر ایک بجے شروع کیا گیا۔ منصوبے کے تحت لائن کو فعال بنانے کے لیے موجودہ نظام سے جوڑنے کے ساتھ جدید والوز کی تنصیب بھی جاری ہے تاکہ پانی کی ترسیل کا نظام مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
کام کے دوران دھابیجی فورتھ فیز، کے ٹو اور کے تھری سے پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے مجموعی طور پر 21 پمپس میں سے صرف 9 پمپس کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے تاکہ انٹرکنکشن کے کام کو محفوظ اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دھابیجی کے دیگر پمپس سمیت حب پمپنگ اسٹیشن سے شہر کو پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے، اس لیے مکمل نظام متاثر نہیں ہوگا۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد شہر میں پانی کی ترسیل کے نظام میں نمایاں بہتری متوقع ہے اور شہریوں کو زیادہ بہتر سپلائی فراہم کی جا سکے گی۔
ترجمان نے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ دورانِ کام پانی کا محتاط اور کفایتی استعمال کریں تاکہ عارضی تعطل کے دوران مشکلات کم سے کم ہوں۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ کراچی کے واٹر سپلائی سسٹم کو جدید بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔