اسلام آباد میں ٹرانسپورٹ کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کا اہم اعلان
فائل/فوٹو: اے ایف پی
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ ایک ہفتے سے بند تمام قسم کی پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو داخلے کی اجازت دے دی۔
ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے مطابق شہر بھر میں فیض آباد کے علاوہ تمام بس اڈے بھی کھول دیے گئے ہیں جبکہ فیض آباد بس ٹرمینل تاحکم ثانی بند رکھا جائے گا۔
ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ جنگ بندی مذاکرات کے پیش نظر گزشتہ ایک ہفتہ سے بند پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کھول دی گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ پیرودھائی سمیت دیگر ٹرانسپورٹ اڈے پیر کو صبح سے کھولے جائیں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مذاکرات کے سلسلے میں مرکزی وفود سے قبل پاکستان آئی امریکا کی ایک ایڈوانس ٹیم واپس روانہ ہوگی، اس سے قبل امریکا کی ایڈوانس ٹیم کا ایک وفد ایرانی وفد کی روانگی کے بعد واپس روانہ ہوا۔
ایڈوانس سیکیورٹی وفد میں واپس جانے والی ٹیم کی روانگی کے وقت راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیکیورٹی کے انتہائی کڑے انتظامات کیے گیے تھے۔
ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ شہریوں کے لیے ہائکنگ ٹریلز بھی کھول دی گئی ہیں اور اب ہائکنگ کے شوقین افراد کل سے مارگلہ ٹریلز پر جا سکیں گے۔
انتظامیہ کی جانب سے دامن کوہ، لیک ویو سمیت تمام پارکس بھی شہریوں کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔
اسلام آباد کی انتظامیہ نے راولپنڈی سے میٹرو بس سروس بھی بحال کرنے کا اعلان کیا ہے اور بتایا کہ اتوار سے میٹرو بس سروس مکمل طور پر آپریشنل ہوگی اور حکومت پنجاب کی الیکٹرک بس سروس بھی اتوار سے بحال ہوگی۔
ٹرانسپورٹ کے حوالے سے کہا گیا کہ تمام روٹس پر چلنے والی ای وی ٹرانسپورٹ اتوار کو آپریشنل ہوگی، راولپنڈی صدر اسٹیشن سے اسلام آباد شہید ملت اسٹیشن تک بحال ہوگی تاہم پریڈ گراونڈ اور سیکریٹریٹ اسٹیشن تاحکم ثانی بند رہیں گے۔