لاہور؛ پولیس کی بروقت کارروائی، بچی غیرقانونی حراست سے بازیاب
فوٹو: پولیس
لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں پولیس نے بروقت کارروائی کرکے ایک کمسن بچی کو غیرقانونی حراست سے بحفاظت بازیاب کرا لیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا نوٹس 15 کال موصول ہونے پر لیا گیا، جس کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او نشتر کالونی کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی۔
ترجمان کے مطابق بچی رہائشی علاقے میں ایک مکان میں بند تھی اور روشن دان کے ذریعے مدد کے لیے آوازیں دے رہی تھیں، اہل محلہ نے صورت حال بھانپتے ہوئے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، جس پر ٹیم نے موقع پر پہنچ کر بچی کو ریسکیو کیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ بچی کی شناخت 10 سالہ عائشہ کے نام سے ہوئی ہے، ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ اسے تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا تھا اور جبری مشقت بھی لی جا رہی تھی، مزید یہ کہ اسے کھانے پینے اور والدین سے رابطے جیسی بنیادی سہولتوں سے بھی محروم رکھا گیا تھا۔
حکام کے مطابق اس کیس میں ملوث ملزم کاشف اکرم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ اس کے خلاف تھانہ نشتر کالونی میں مقدمہ درج کر کے چائلڈ پروٹیکشن قوانین کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ بچی کا تعلق اوکاڑہ سے ہے اور اسے دو ماہ قبل گھریلو ملازمت کے لیے یہاں لایا گیا تھا، بازیابی کے بعد بچی کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ بچوں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور شہری کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔