پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف قربانیاں دی ہیں جبکہ بھارت ٹیررازم کو فروغ دیتا ہے، عطا تارڑ
وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت میں بڑا فرق یہ ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دی ہیں جبکہ بھارت دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک سال قبل پی ایم اے کاکول میں کیڈٹس سے خطاب کے دوران پہلگام واقعہ پر پاکستان کا موقف واضح کیا تھا، 24 اپریل 2025ء کو نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ میں پاکستان نے بھارتی الزامات کا بھرپور جواب دیا، 26 اپریل 2025ء کو وزیراعظم نے کاکول میں پہلگام کے فالس فلیگ آپریشن کے حوالے سے بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے تاریخی خطاب کیا، اپنے خطاب میں وزیراعظم نے زور دیا کہ پہلگام جیسے واقعات کی آڑ میں بلیم گیم اور بے بنیاد الزامات کے سلسلے کو رکنا ہوگا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے پہلگام واقعہ کو ایک ٹریجڈی قرار دیا تھا، وزیراعظم شہباز شریف کا کاکول خطاب سفارتی محاذ پر ایک ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا، پہلگام واقعہ پر پاکستان نے نہ صرف متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا بلکہ عالمی سطح پر تشویش اور افسوس کا اظہار کیا مگر اس کے برعکس بھارت نے کبھی بھی دہشت گردی کے واقعات کی مذمت نہیں کی، پاکستان دہشت گردی کا مقابلہ کر رہا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ یہی واضح فرق ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دی ہیں جبکہ بھارت دہشت گردی کو فروغ دیتا ہے، فتنہ الہندوستان بی ایل اے ہو یا فتنہ الخوارج ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گرد گروہوں کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں، وزیراعظم نے ایسا حل پیش کیا جس نے سفارتی محاذ پر پاکستان کو تقویت دی، جب وزیراعظم نے کہا کہ ہم پہلگام واقعہ کی تحقیقات کیلئے تیار ہیں تو بھارت مکمل طور پر بیک فٹ پر چلا گیا، پوری دنیا نے پاکستان کے موقف کی حمایت کی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے تحقیقات کی پیشکش کا جواب نہ دینا اس کے موقف پر سوالیہ نشان ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دے چکا ہے، دہشت گردی کے باعث پاکستان کو 600 ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان برداشت کرنا پڑا، پاکستان دہشت گردی کے خلاف ایک دیوار ہے، عالمی برادری نے پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا اور اسے سراہا، بھارت کا بیانیہ مسترد ہوا، بھارت کو بیانیہ، سفارتی اور دیگر تمام محاذوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا، بھارت دہشت گردی کے ساتھ پانی کو بھی بطور ہتھیار استعمال کرتا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، افواج پاکستان کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور اور موثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، پاکستان نے معرکہ حق میں دشمن کو بھرپور جواب دے کر اپنی طاقت ثابت کی، پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی اور دفاع وطن کے لئے پرعزم ہے،
پاکستان نے معرکہ حق میں دشمن کو بھرپور جواب دے کر اپنی طاقت ثابت کی، وزیراعظم نے خطاب میں واضح کیا کہ پاکستانی قوم اپنی عزت اور وقار پر سمجھوتہ نہیں کرے گی،
پاکستان کی ادارہ جاتی اور عسکری مضبوطی دنیا کے سامنے واضح ہوئی، بھارت کو بیانیہ، سفارتی اور دیگر تمام محاذوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر عزت، وقار اور اعتماد حاصل ہوا، اوورسیز پاکستانیوں کا بھی مورال بلند ہوا، وزیراعظم نے پاکستان کی مستقل اور واضح پالیسی کو مزید مضبوط انداز میں دنیا کے سامنے رکھا، پاکستان کا سچ عالمی سطح پر ایک روشن حقیقت کے طور پر سامنے آیا، بھارت کے بے بنیاد الزامات اور من گھڑت بیانیے کو عالمی سطح پر پذیرائی نہ مل سکی، کاکول میں وزیراعظم کا خطاب تاریخ میں اہم سنگ میل کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔