بنگلا دیش کا پاکستان کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلیے اسکواڈ کا اعلان

اسکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ دو نئے چہروں کو بھی شامل کیا گیا ہے

بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت نجم الحسن شانتو کریں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مطابق یہ ٹیسٹ میچ 8 مئی سے ڈھاکہ کے شیرِ بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہوگا ، اسکواڈ میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ دو نئے چہروں کو بھی شامل کیا گیا ہے، جو پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کریں گے۔

کپتان نجم الحسن شانتو کے ساتھ مہدی حسن میراز نائب کپتان کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ٹیم میں مشفیق الرحیم، لٹن داس، مومن الحق، شادمان اسلام اور تجربہ کار آل راؤنڈر شامل ہیں، جبکہ فاسٹ باؤلرز تسکین احمد اور شوریف الاسلام کی بھی واپسی ہوئی ہے۔

نئے شامل ہونے والے کھلاڑیوں میں تنزید حسن اور امیت حسن شامل ہیں۔ تنزید حسن پہلے ہی محدود اوورز کی کرکٹ میں اپنی صلاحیتیں دکھا چکے ہیں، جبکہ امیت حسن فرسٹ کلاس کرکٹ میں عمدہ اوسط کے باعث ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

بنگلا دیش کی ٹیم اس وقت ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر ہے اور پاکستان کے خلاف سیریز میں بہتر کارکردگی دکھا کر اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کی کوشش کرے گی۔

سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 16 سے 20 مئی تک سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔

 

Load Next Story