عباس عراقچی کے دورے کا مقصد علاقائی صورتحال پر مشاورت کرنا تھا، ایرانی سفیر
فوٹو: فائل
پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ وزیرخارجہ عباس عراقچی اور وفد کے دورہ اسلام آباد کا مقصد دو طرفہ تعلقات سمیت علاقائی صورت حال پر مشاورت کرنا تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ وزیرخارجہ عباس عراقچی کی سربراہی میں ایرانی وفد کے دورے کا اختتام ہوا جس کا مقصد علاقائی سفارتی دورے کے آغاز پر دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لینے اور علاقائی صورت حال کے معاملے پر مشاورت کرنا تھا۔
ایرانی سفیر نے حکومت پاکستان، افواج اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے انتھک اقدامات، جنگ کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مثبت کردار پر خصوصی طور پر مشکور ہوں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دورے کی طرح، اس مرتبہ بھی وفد کے لیے مکمل سیکیورٹی، تحفظ اور پرسکون ماحول فراہم کیا گیا جو برادر، دوست اور ہمسایہ ملک پاکستان کی بہترین انتظامی صلاحیت، مؤثر منصوبہ بندی اورکامیاب حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔
پاک-ایران دوستی زندہ باد کے الفاظ کے ساتھ رضا امیری مقدم نے کہا کہ میں اس موقع پر افواج، سیکیورٹی فورسز، پولیس، تمام سرکاری اداروں کے اہلکاروں اور بالخصوص پاکستان کے عوام اور اسلام آباد کے شہریوں کا ان کے صبر، مہمان نوازی اور بھرپور تعاون پر دلی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
خیال رہے کہ ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے دو دن میں اسلام آباد کو دوسرا دورہ کیا اور پاکستانی حکام کے ساتھ مشاورت کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔